نئی دہلی، 3/نومبر(ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، ملک نے اس سال کا گرم ترین اکتوبر ریکارڈ کیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے جمعہ کو اطلاع دی کہ اکتوبر 2024ء پچھلے 123 سالوں میں کم سے کم درجہ حرارت کے لحاظ سے ہندوستان کا گرم ترین اکتوبر ثابت ہوا ہے۔ آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے موہاپاترا نے وضاحت کی کہ جنوبی مغربی مانسون کی تاخیر سے رخصت ہونے کی وجہ سے مانسون کا بہاؤ برقرار رہا۔ اس دوران چار کم دباؤ کے سسٹمز اور مغربی سمت میں رکاوٹ نہ ہونے کی وجہ سے اکتوبر کے دوران درجہ حرارت عام کم سے کم درجہ حرارت کے مقابلے میں زیادہ رہا۔
اکتوبر ۲۰۲۴ء میں تمام ہندوستان کا اوسط کم از کم درجہ حرارت ۸۵ء۲۱ ؍ڈگری سیلسیئس تھا جو عام طور پر ۰۱ء۲۰؍ ڈگری سیلسیئس ہوا کرتا ہے۔ اسی طرح، اکتوبر ۱۹۰۱ء میں کم از کم درجہ حرارت کے حوالے سے شمال مغربی ہندوستان (ماہانہ اوسط - ۰۷ء۱۹ ؍ڈگری سیلسیئس)، وسطی ہندوستان (ماہانہ اوسط - ۱۰ء۲۳ ؍ڈگری سیلسیئس) اور جنوبی جزیرہ نما ہندوستان (ماہانہ اوسط - ۴۵ء۲۳ ؍ڈگری سیلسیئس) نے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ سالِ رواں کے اکتوبر میں مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان (۳ء۱۴ ؍فیصد) اور جنوبی ہندوستان (۸ء۱۱ ؍فیصد) کے ساتھ معمول سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں جس میں شمال مشرقی مانسون کے بروقت آمد نے اہم کردار ادا کیا۔ محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ گرم درجہ حرارت کے رجحانات نومبر میں بھی قائم رہیں گے اور ملک بھر میں دن اور رات دونوں کے درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہیں گے۔